احاديث كے عقل کے مخالف ہونے سے متعلقہ شبہات

جہنم میں عورتوں کی کثرت!

بہت سی احادیث  میں یہ مضمون بیان ہوا ہے کہ جہنم میں عورتوں کی کثرت ہوگی مثلاً :عمران بن حصین بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺنے فرمایا:  ’’میں نے جنت میں جھانکا تو اس میں اکثر لوگ فقراء تھے اور میں نے جہنم میں جھانکا تو اس میں اکثر عورتیں تھیں۔‘‘( صحیح بخاری: 3241  ، 5198 ، 6449 ، 6546 )صحیح مسلم میں یہی روایت ابن عباس سے مروی  ہے ۔ (صحیح مسلم :  2737) ۔ دوسری روایت جوکہ  صحیح بخاری میں عبداللہ  بن عباس   سے مروی ہے اس میں اس کا سبب بھی بیان ہوا چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ’’مجھے آگ دکھائی گئی تو میں نے  آج جیسا خوفناک منظر کبھی نہیں دیکھا اور میں نے جہنم میں اکثریت عورتوں کی دیکھی ہے تو صحابہ کہنے لگے اے اللہ کے رسول اللہ ﷺوہ کیوں ؟   نبی ﷺنے فرمایا: خاوند اور احسان کی ناشکری کرتی ہیں   کیونکہ  زندگی بھر ان کے ساتھ بہتر معاملہ کرنے کے باجود اگر  کبھی کوئی اونچ نیچ ہوجائے تو یہ کہتی ہے کہ میں نے ساری زندگی تم سے کوئی خیر ہی دیکھی۔ ‘‘   ( صحیح بخاری: 1052 ) ۔ ان تمام احادیث سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ عورتیں کثرت کے ساتھ جہنم میں ہوں گی۔  اور یہ تو ظلم ہے ۔

نبی کریم ﷺ کا ایک رات میں متعدد بیویوں کے پاس جانا عقل، شان نبوت اور نظافت کے اصولوں کے خلاف ہے!

حدیث میں  ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ایک رات میں تمام بیویوں سے ازدواجی تعلقات قائم کیے۔ ( صحیح بخاری:5068 )
جبکہ عقلی طور پر ایسا ممکن نہیں اور نبی کریم ﷺ تو الله تعالى كى عبادت اور مسلمانوں کے معاملات میں مصروف رہتے، اور یہ معاملہ نظافت کے اصولوں کے بھی خلاف ہے۔

نبی کریم ﷺ پر جادو عقل کے خلاف ہے!

حدیث میں ہے کہ نبی کریم ﷺپر جادو کیا گیا جس کی وجہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم بھول جاتے تھے (صحیح بخاری: 5765، صحیح مسلم: 2189 )  اس حدیث کو ماننے سے دین ِ اسلام  کے محفوظ ہونے پر شکوک و شبہات وارد ہوتے ہیں اور یہ عقلاً بھی ممکن نہیں کہ نبی کریم ﷺ پر شیطانی اثرات یا جادو کے اثرات غالب آجائیں۔

عورت کی تخلیق ٹیڑھی پسلی سے!  

حدیث میں ہے کہ عورت کو ٹیڑھی پسلی سے پیدا کیا گیا ہے (صحیح بخاری: 5184) اس جملے میں عورت کی تحقیر ہے جو کہ عورتوں کے حقوق کے خلاف ہے۔

سیدنا سلیمان علیہ السلام ایک رات میں سو بیویوں کے قریب گئے!

حدیث میں ہے کہ سیدنا سلیمان علیہ السلام نے ایک رات میں سو بیویوں سے ازدواجی تعلقات قائم کیے۔(صحیح بخاری:2819)یہ عقل کے خلاف ہے کیونکہ ایک شخص اتنی بڑی تعداد سے ازدواجی تعلق اور پھر صرف ایک رات میں   ایسا ممکن نہیں ۔ مزید یہ کہ روایات میں تعداد کا اختلاف بھی بتلاتا ہے کہ روایت میں اضطراب ہے۔ بعض میں سو بیویاں  (صحیح بخاری : 2819  ) ، بعض میں 90  بیویاں  (صحیح بخاری : 6639) ، بعض میں 70  بیویاں (صحیح مسلم : 1654) اور بعض میں 60  بیویاں (صحیح بخاری : 7469 )  بیان ہوئی ہیں۔

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا اجنبیوں کے سامنے غسل  کیا!

 حدیث میں ہے کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے  اجنبی مردوں کے سامنے غسل  کیا  (صحیح بخاری : 252)جبکہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا جیسی عظیم خاتون  کا ایسا کرنا ناممکن ہے۔